الیکشن میں حصہ لینے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا: پیوٹن

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ابھی تک فیصلہ نہیں کیا کہ آئندہ صدارتی انتخابات میں بھی حصہ لوں گا یا نہیں۔

روس کے صدر ولادیمیر پوٹن رواں صدی کے اوائل سے اپنے ملک کے اقتدار پر براجمان ہیں، کبھی بطور صدر اور کبھی بحیثیت وزیر اعظم۔ وہ سابق سوویت یونین کے لیڈر جوزف سٹالن کے بعد اس خطہ ارض پر طویل حکومت کرنے والے رہنما بن چکے ہیں۔

یہ امر اہم ہے کہ روس میں گزشتہ برس پارلیمنٹ نے مسودہ قانون کو منظور کر کے ملکی دستور کا حصہ بنایا تھا جس کے مطابق ولادیمیر پوٹن 2024ء کے بعد مزید دو مرتبہ صدر کا الیکشن لڑنے کے اہل ہیں۔ روس میں منصبِ صدر کی مدت چھ سالوں پر محیط ہوتی ہے۔

69 سالہ پیوٹن اس وقت اپنی چوتھی مدت صدارت کے نصف میں داخل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے 2000ء میں اقتدار سنبھالا تھا۔

صدر ولادیمیر پیوٹن کو ملکی دارالحکومت ماسکو میں ایک سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ انہیں اگلے انتخابات میں حصہ لینا چاہیے لیکن ایک بات یقینی طور پر واضح ہے کہ صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے حق کی بدولت ملک میں داخلی سیاسی صورت حال مستحکم ہے۔

پیوٹن نے کہا کہ گزشتہ برس کی دستوری ترامیم نے حقیقت میں ملک کو اندرونی طور پر مستحکم ہونے میں مدد دی تھی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں